واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ میں امریکا کے سابق سفیر بل رچرڈسن 75 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں ۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق رچرڈسن سنٹر فار گلوبل انگیجمنٹ کے نائب صدر مکی برگ مین نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ سابق امریکی سفارت کار، کانگریس مین، توانائی کے سیکریٹری اور نیو میکسیکو کے گورنر انتقال کر گئے ، انہوں نے مختلف مطلق العنان حکومتوں کے زیر حراست امریکیوں اور دیگر افراد کی رہائی کو یقینی بنا کر عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی ۔
نائب صدر مکی برگ مین نے بتایا کہ رچرڈسن نے 1982 سے 1996 تک امریکی ایوان نمائندگان کے ڈیموکریٹک رکن کے طور پر خدمات انجام دیں ، پھر صدر بل کلنٹن کے تحت اقوام متحدہ میں امریکی سفیر اور توانائی کے سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔
رچرڈسن نیو میکسیکو کے گورنر کے طور پر منتخب ہوئے اور 2003 سے 2011 تک خدمات انجام دیں۔
رچرڈسن نےاپنی پوری زندگی دوسروں کی خدمت میں گزاری اور 2011 میں گورنری چھوڑنے کے فوراً بعد انہوں نے اپنی غیر منافع بخش فاؤنڈیشن، رچرڈسن سنٹر فار گلوبل انگیجمنٹ کا آغاز کیا، جہاں انہوں نے نظر بند امریکیوں کی رہائی کے لیے اپنے کام کی تجدید کی۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے بل رچرڈسن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک محب وطن ،بہترین شخص تھے ۔