نیویارک: (دنیا نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھاتے ہوئے کہا پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے۔
طیب اردگان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے حامی ہیں، مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کے لئے ترکیہ اپنا کردارادا کرنے کے لئےتیار ہے، امن کے قیام کیلئے نئی حکمت عملی اور ایجنڈے کی ضرورت ہے۔
ترکیہ کے صدر نے کہا اقوام متحدہ کو اپنے قیام کے مقاصد کی عکاسی کو بہتر انداز میں کرنا چاہئے، امن کے قیام کے لئے نئی حکمت عملی اور ایجنڈے کی بھی اشد ضرورت ہے، یوکرین کی جنگ کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہئے۔
طیب اردگان نے کہا دنیا میں تنازعات کے خاتمے اور امن کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں، شام کی صورتحال کی وجہ سے ترکیہ پر پناہ گزینوں کا بوجھ ہے۔