نیویارک : (ویب ڈیسک ) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر خطے کے امن واستحکام کو درپیش اہم چیلنجز میں سے ایک ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تحت جموں و کشمیر رابطہ گروپ کا بدھ کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں سیشن کے موقع پر خصوصی اجلاس ہوا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق رابطہ گروپ کے اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اسلامی تشخص اور اپنے وقار کے تحفظ کے لیے کوشاں مسلم اقوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب شورش زدہ علاقوں میں متاثرہ اقوام کی مدد پر کمر بستہ ہے، متاثرہ اقوام میں جموں و کشمیر کے باشندے شامل ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہوا تو اس کا اثر خطے میں عدم استحکام میں اضافے کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پرامن تصفیے اور حالات کو پرسکون بنانے نیز کشیدگی کم کرنے کے لیے متحارب فریقوں کے درمیان ثالثی کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ سعودی عرب یہ کام مسلم اقوام کی حمایت سے متعلق اپنے غیر متزلزل موقف کی بنیاد پر کر رہا ہے۔
اجلاس میں سیکریٹری کثیر فریقی بین الاقوامی امور ڈاکٹر عبدالرحمن الرسی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی شریک تھے۔