واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکا کی سیاسی تاریخ میں سب سے زیادہ عرصے تک سینیٹر رہنے والی خاتون رکن سینیٹر ڈایان فائن سٹین 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تین دہائیوں تک ڈیموکریٹک سینیٹر رہنے والی ڈایان فائن سٹین گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھیں،ان کا انتقال واشنگٹن میں ان کے گھر پر ہی ہوا۔
سینیٹر ڈایان فائن سٹین نے تین دہائیوں تک امریکی سینیٹر کے طور پر خدمات انجام دیں اور سینیٹر منتخب ہونے سے قبل وہ میئر سان فرانسسکو کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی تھیں ۔
ڈایان فائن سٹین نے پہلی مرتبہ 1992 کے سینیٹ الیکشن میں حصہ لیا اور ان کا شمار کیلیفورنیا کی اہم سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا، انہیں کیلی فورنیا میں ڈیموکریٹس کا چہرہ تصور کیا جاتا تھا اور ان کا اثر و رسوخ کیپیٹل ہل میں بھی محسوس کیا جاتا تھا۔
ڈایان فائن سٹین کے انتقال کے بعد کیلی فورنیا کے ڈیموکریٹ گورنر گیون نیوسم کو اختیار مل گیا ہے کہ وہ ڈایان فائن سٹین کی جگہ کسی پارٹی رکن کو منتخب کریں تاکہ 2025 تک چیمبر میں ڈیموکریٹس کی سبقت برقرار رہے۔
گورنر کیلیفورنیا میڈیا میں اعلان کر چکے ہیں کہ اگر ڈایان فائن سٹین اپنی نشست چھوڑتی ہیں تو ان کی جگہ کسی سیاہ فام خاتون کو منتخب کیا جائے گا۔