مصر : اسماعیلیہ میں پولیس کمپلیکس میں آتشزدگی ، 26 زخمی

Published On 02 October,2023 11:31 am

قاہرہ : (ویب ڈیسک ) مصر کے شہر اسماعیلیہ کے جنوب مشرقی علاقے میں پولیس ہیڈکوارٹرز میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 26 افراد زخمی ہوئے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح شہر کے سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کی کثیر منزلہ عمارت سے آگ کے شعلے بلند ہوتے ہوئے د یکھے گئے ہیں اور عمارت کے بعض حصے منہدم ہو گئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ فائر بریگیڈ کے عملہ نے تین گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں ۔

واضح رہے کہ مصر میں سیفٹی کے معیار اور ضابطوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے، یہ ملک میں رونما ہونے والے مختلف حادثات میں ہونے والی ہلاکتوں کا سبب بنتے ہیں۔

اگست 2022 میں قاہرہ کے ایک قدامت پسند گرجا گھر میں عین عبادت کے وقت آگ لگنے سے 41 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مارچ 2021 میں بھی دارلحکومت کی ایک ٹیکسٹائل فیکٹری میں آتشزدگی سے 20 افراد جل کر ہلاک ہوئے جبکہ 2020 میں دو ہستپالوں میں آتشزدگی کے واقعات نے 14 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ۔