واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کو روکنے کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں، انٹونی بلنکن خطے میں امن کیلئے مختلف ریاستوں کے سربراہان سے مل رہے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے قطری امیر شیخ تمیم بن حماد کے ساتھ ملاقات کی، امریکی وزیر خارجہ نے قطری وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قطری امیر سے فلسطین اور حماس کے درمیان تنازع کو لے کر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور اس مسئلہ کو جلد حل کرنے اور خطے میں امن قائم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
قبل ازیں انٹونی بلنکن نے مصر کے بادشاہ عبداللہ سے ملاقات کی تھی، انٹونی بلنکن نے بحرین کے بادشاہ سے بھی ملاقات کی جس کے بعد اب سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔