اسرائیلی طیاروں کی بمباری میں 2 صحافی شہید، تین زخمی

Published On 13 October,2023 11:36 pm

غزہ: (دنیا نیوز) لبنان کے سرحی قصبے اور غزہ میں اسرائیلی بمباری میں 2 صحافی شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

لبنان کے سرحی قصبے پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں برطانوی خبر رساں ادارے کا صحافی ایسام عبداللہ شہید اور چار دیگر صحافی زخمی ہوگئے جبکہ غزہ میں ویڈیو بناتے ہوئے فلسطینی صحافی محمد شہاب کے گھر پر بھی بم گر گیا اور وہ شہید ہوگئے۔

عالمی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق جنوبی لبنان کے سرحدی قصبے الما الشاب میں صحافی اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری لڑائی کی کوریج کررہے تھے کہ اسی دوران اسرائیلی طیاروں نے قصبے پر بمباری کردی۔

بمباری کی زد میں آکر برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز سے منسلک صحافی ایسام عبداللہ جاں بحق ہوگئے جبکہ اے ایف پی اور الجزیرہ سے وابستہ صحافی زخمی ہوئے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر فلسطینی صحافی محمد شہاب کی ایک ویڈیو وائرل ہے جو انہوں نے اپنی شہادت سے قبل بنائی، ویڈیو کے دوران وہ غزہ کی صورتحال کا بتا رہے ہیں اسی دوران ایک اسرائیلی میزائل ان کے گھر پر گرتا ہے اور وہ شہید ہوجاتے ہیں۔

اپنی آخری ویڈیو میں شہید صحافی نے بتایاکہ یہ میری آخری ویڈیو ہوسکتی ہے اور میرا دنیا بھر کیلئے پیغام ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ہمارا کھانا، پانی اور بجلی سب بند کردیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے گھروں کو بھی نہیں چھوڑ سکتے کیونکہ یہ ہمیں (اسرائیل) گھر کے اندر اور باہر مار رہے ہیں۔