مصر سے رفح راہداری کے ذریعے امدادی سامان کے 20 ٹرک غزہ میں داخل

Published On 21 October,2023 01:50 pm

قاہرہ : (ویب ڈیسک ) مصر کی رفح راہداری سے غزہ میں امدادی سامان کے ٹرک داخل ہونا شروع ہو گئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی بارڈر پر ایک عہدے دار نے بتایا کہ فلسطینیوں کے لیے امداد لے جانے والے ٹرک رفح راہداری کے ذریعے غزہ میں داخل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

اس امدادی قافلے میں 20 ٹرک ہیں جو ادویہ، طبی سامان اور خوراک کی محدود مقدار لے جا رہے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق ویڈیوز میں امدادی ٹرکوں کو راہداری کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس سے ظاہر ہے کہ یہ تمام تیاری ٹرکوں کو مصر سے غزہ داخل ہونے کی اجازت کے سلسلے میں کی جا رہی ہے۔

اسرائیل میں امریکی سفارت خانے کہا ہے کہ غزہ مصر سرحد ممکنہ طور پر آج کھل جائے گی اور اس اقدام سے شاید غیر ملکیوں کو بھی غزہ چھوڑنے کا موقع مل جائے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی جارحیت : ہسپتال،عبادت گاہیں غیرمحفوظ، شہدا کی تعداد 4 ہزار سے متجاوز

7 اکتوبر کو تنازعے کے آغاز سے رفح راہداری بند تھی اور امدادی سامان سے لدے ٹرک منتظر تھے کہ کب وہ غزہ میں داخل ہوسکیں، حماس کے حملے کے بعد اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر بمباری کی اور خوراک، پانی، ایندھن اور بجلی کی مکمل بندش کر دی تھی ۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اب تک چار ہزار سے زائد شہادتیں ہو چکی ہیں جبکہ 13ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب فلسطین کے لیے اقوامِ متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک عملے کے 17 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

علاوہ ازیں عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ڈروس نے اسرائیلی دھمکی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ القدس ہسپتال خالی کرنے کے مبینہ احکامات پریشان کن ہیں ، مریضوں سے بھرے ہسپتال کو محفوظ طریقے سے خالی کرنا ممکن نہیں۔