مصر : (ویب ڈیسک ) مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،جس میں غزہ کی پٹی کی صورتحال میں پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق دونوں صدور نے امن کو آگے بڑھانے اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے عالمی برادری کو متحد پوزیشن کی طرف متحرک کرنے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔
ترک صدر رجب طیب نے انسانی ہمدردی کی کوششوں کو مربوط کرنے اور امن کے راستے کو فروغ دینے میں مصر کے کردار کو سراہا۔
دونوں صدور نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کے داخلے کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ترک اور مصری صدور نے فلسطینیوں کے معاملے پر عالمی برادری کے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اردگان اور السیسی نے کہا کہ بین الاقوامی قانونی جواز کے فیصلوں کے مطابق دو ریاستی حل پر مبنی حل پر عمل کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ آج( ہفتہ) کو مصر ایک علاقائی اور بین الاقوامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جس میں مسئلہ فلسطین کے مستقبل اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔