بیجنگ : (ویب ڈیسک ) بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ کی مصر کے وزیرِ اعظم مصطفیٰ میدبولے سے ملاقات ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس ملاقات میں چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں استحکام لانے کیلئے مصر کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق چینی صدر نے کہا کہ اسرائیل حماس تصادم کے سائے پورے خطے پر پڑ رہے ہیں ، سب سے ضروری کام غزہ میں فائر بندی اور تنازع کے خطے میں پھیلنے کے خطرے سے بچنے کے لیے جنگ کو جلد از جلد روکنا ہے۔
چینی صدر نے یہ بھی کہا کہ فلسطین اسرائیل تنازع حل کرنے کا بنیادی طریقہ دو ریاستی حل کو نافذ کرنا ہے۔
چینی صدر شی نے مصر کو برکس میں شامل ہونے پر مصری وزیراعظم کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی مصر کے نئے آئیڈیاز برکس کے لیے مفید ہوں گے۔
واضح رہے مشرق وسطیٰ کے ملکوں اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت کے ساتھ چین اور مصر بھی حالیہ مہینوں کے دوران باہم قریب آئے ہیں۔
واضح رہے کہ جب سے فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس اور اسرائیل کے درمیان تصادم کی فضا میں شدت آئی ہے مصر نے زیادہ تر وقت کے لیے غزہ کے ساتھ اپنی سرحد بند رکھی ہے۔
اسی سرحد کے راستے رفح راہداری سے غزہ کے لیے امدادی سامان لے جایا جا سکتا ہے تاہم قاہرہ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ غزہ میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے پائیدار راستہ دے گا۔