دمشق : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل نے شام پر بھی فضائی حملے کیے ہیں ، میزائل حملوں میں صیہونی فورسز نے شام کے دو اہم ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔
خبررساں ادارے کے مطابق دمشق اور حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر حملہ کیا گیا، دمشق کے ہوائی اڈے پر کم از کم دو ملازمین جان کی بازی ہارگئے جبکہ دونوں ہوائی اڈوں پر رن وے کو نقصان پہنچا جس سے وہ غیر فعال ہو گئے ہیں۔
دونوں ہوائی اڈوں پر گزشتہ ہفتے بھی اسرائیل نے حملہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں :صیہونی فورسز کی نہتے فلسطینیوں پر بمباری جاری، شہداء کی تعداد 4385 ہو گئی
اسرائیلی حملوں کی وجہ سے دارالحکومت دمشق اور شمالی شہر حلب میں حکومت کے زیرِ قبضہ ہوائی اڈوں پر پروازوں کو اتار لیا گیا ہے، یہ دوسرا واقعہ ہے کہ بیک وقت تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جب سے اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع شروع ہوا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق شام کے دمشق اور حلب کے ہوائی اڈے نہ صرف عام شہری استعمال کرتے ہیں بلکہ انھیں عسکری ضروریات کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے ، یہ ہوائی اڈا مبینہ طور پر حزب اللہ کو بھیجے جانے والے ایرانی ہتھیاروں کے لیے ٹرانزٹ پوائنٹس ہیں۔
شام میں ایک عشرے سے زیادہ کی جنگ کے دوران اسرائیل نے اپنے شمالی ہمسایہ پر سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں جن میں بنیادی طور پر ایران اور لبنانی حزب اللہ کے جنگجوؤں کے ساتھ ساتھ شامی فوج کی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔