اسرائیل کےخلاف جنگ جہاد ہے، سربراہ حزب اللہ

Published On 03 November,2023 06:35 pm

بیروت: (دنیا نیوز) لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے کہا کہ ہماری طاقت اسلحہ نہیں ایمان ہے، اسرائیل کیخلاف جنگ جہاد ہے۔

سربراہ حزب اللہ حسن نصر اللہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ کےعوام کی قربانیوں نےنئی تاریخ رقم کردی، فلسطینی شہیدوں کے اہل خانہ کو رتبہ شہادت حاصل کرنے پر مبارکباد اور تعزیت پیش کرتے ہیں، شہداء کا رتبہ منفرد تر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان شہادت کے رتبے کو اچھے سے سمجھتے ہیں، ہماری طاقت اسلحہ نہیں ایمان ہے،اسرائیل کےخلاف جنگ جہاد ہے، دنیا نےاسرائیلی مظالم پرمجرمانہ طورپرآنکھیں بند کرلی ہیں۔

حسن نصراللہ نے کہا کہ حزب اللہ کا اسرئیل کے خلاف 7 اکتوبر کے آپریشن سے کوئی تعلق نہیں ، حزب اللہ کو 7 اکتوبر کے آپریشن سے متعلق کوئی پیشگی اطلاع نہیں تھی۔

انہوں نےکہا کہ اسرائیل کے خلاف لڑنے والے بہادروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اسرائیل کا دفاعی نظام مکڑی کےجال سےزیادہ کمزورثابت ہوا ، اسرائیل کی بدترین ناکامی پراسرائیلی عوام اوران کے حامیوں کوشرمندگی ہوئی ۔

حسن نصراللہ کا مزید کہنا تھا کہ طوفان اقصیٰ کی جنگ وسیع تر ہو کر مختلف محاذوں اور میدانوں تک پہنچ گئی ہے، فلسطینی ماؤں، بہنوں کی آواز پرہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔