مناما: (ویب ڈیسک) بحرین نے اسرائیل کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو معطل کرکے اپنے سفیر کو فوری طور پر واپس بلالیا۔
عرب میڈیا کے مطابق بحرین اور اسرائیل کے درمیان تعلقات سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں 3 سال قبل بحال ہوگئے تھے تاہم غزہ پر وحشیانہ بمباری پر احتجاج کرتے ہوئے بحرین نے اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلایا۔
دوسری جانب اسرائیل کے خصوصی ایلچی بھی اس پیشرفت کے بعد بحرین سے اپنے وطن اسرائیل کے لیے روانہ ہوگئے، بحرین نے نہ صرف اپنے سفیر کو واپس بلالیا بلکہ اسرائیل کے ساتھ اقتصادی تعلقات بھی معطل کر دیے۔
بحرین کی پارلیمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل سے سفیر واپس بلوانے کا فیصلہ اُس ٹھوس اور تاریخی مؤقف پر مبنی ہے کہ بحرین فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کرتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اردن اور بولیویا نے بھی اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا اور اسرائیلی سفیر کو اپنے ملک میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔