وینزویلا: ہائی وے پر متعدد گاڑیوں میں خوفناک تصادم، 16 افراد ہلاک

Published On 14 December,2023 07:20 pm

کراکس: (ویب ڈیسک) جنوبی امریکی ملک وینزویلا کے ہائی وے پر گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہائی وے پر پہلے سے پیش آئے حادثے کی وجہ سے گاڑیاں رکی ہوئی تھیں اور ہائی وے کے کلیئر ہونے کا انتظار کر رہی تھیں کہ اتنے میں ایک تیز رفتار ٹرک قطار میں کھڑی گاڑیوں میں جا گھسا۔

انتظامیہ کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 17 گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور دیکھتے ہی دیکھتے گاڑیوں میں آگ بھی بھڑک اٹھی، حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور ریسکیو کے عمل میں حصہ لیا اور آگ پر قابو پایا۔

انتظامیہ کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔