غزہ: (ویب ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اپنا شوہر اور 5 ماہ کا بیٹا کھونے والی متاثرہ خاتون نے صہیونی بربریت کی روداد بیان کر دی۔
7 اکتوبر 2023ء سے اب تک غزہ پر ہونے والی اسرائیل کی وحشت ناک بمباری نے کئی فلسطینی ماؤں کے گھر اجاڑ دیے جن میں ایک سوہا نصیر بھی شامل ہیں، برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں سوہا کا خط شائع کیا جو انہوں نے غزہ کے ہسپتال کے ایک بیڈ پر لیٹے ہوئے تحریر کیا۔
سوہا نے خط میں اپنی کہانی تحریر کی کہ کس طرح اسرائیلی وحشیوں نے ناصرف ان کی منت مرادوں سے حاصل کیا گیا 5 ماہ کا بیٹا چھین لیا بلکہ شوہر بھی جہانِ فانی سے کوچ کر گئے، سوہا لکھتی ہیں کہ شوہر محمد سے یونیورسٹی میں ملاقات ہوئی تھی، وہ انتہائی مہربان اور محبت کرنے والے شخص تھے، دونوں نے ایک دوسرے سے 2019ء میں پسند کی شادی کی۔
سوہا نے مزید لکھا کہ شادی کے بعد حاملہ ہونے میں کچھ مشکلات پیش آئیں لیکن 4 سال بعد اللہ نے بیٹے کی نعمت سے نوازا جس کا نام احمد رکھا، میرے شوہر اور بیٹے کو اسرائیلی فضائی حملے میں مرے ہوئے تقریباً دو ماہ ہو چکے اور میں بھی تقریباً مرچکی ہوں۔
تحریر میں لکھا کہ روز احمد کی تصویریں لیتی اور اسے بڑا ہوتا دیکھ رہی تھی، میں نے سب تصور کیا ہوا تھا کہ کیسے احمد سکول جاتا ہے اور پھر کالج جائے گا، میں نے ذہن میں سوچ رکھا تھا کہ احمد ڈاکٹر، انجینئر میں سے کچھ بنے گا، میں نے اسے اپنی سوچوں میں کسی کا شوہر اور باپ بنتے دیکھا تھا، میں نے اپنے خوبصورت بیٹے کا مستقبل تصور کر رکھا تھا۔
سوہا نصیر مزید لکھتی ہیں کہ پھر 7 اکتوبر کو جنگ چھڑ گئی اور ہماری زندگی ہی اُلٹ پلٹ گئی، جس کے بعد میں اپنے خاندان سمیت بہن بھائیوں کی فیملی کیلئے فکر مند ہو گئی، ایک اسرائیلی حملے میں ہمارے گھر میں پناہ لینے والے 31 افراد میں سے 6 کے علاوہ باقی سب شہید ہو گئے جس میں میرا ننھا بچہ اور شوہر محمد شامل تھے۔
خط میں لکھا جن مردوں کو میں جانتی تک نہیں تھی انہوں نے مجھے ملبے کے نیچے سے نکالا، میں اس وقت زور سے چیخ رہی تھی کہ میرے بچے کو بچاؤ، میں ان سے رو کر التجا کر رہی تھی، مجھے یقین نہیں آرہا تھا، احمد کچھ منٹوں پہلے میرے ساتھ ہی موجود تھا، جب میں نے اس حملے سے قبل احمد کو سلایا تو نہیں جانتی تھی کہ یہ آخری بوسہ ہے جو میں اسے دے رہی ہوں۔
سوہا لکھتی ہیں کہ میرے شوہر میرے لیے سب کچھ تھے، اب وہ جا چکے لیکن زندگی بھر وہ میرے لیے عزیز رہیں گے، اسرائیل نے مجھے میرے بچے سے محروم کر دیا اور اسے بغیر کسی قصور کے مار ڈالا، میں اس ڈراؤنے خواب سے بیدار ہونا چاہتی ہوں، غزہ کے تمام لوگوں خصوصاً خواتین کیساتھ ملکر اس قتل عام کا خاتمہ چاہتی ہوں، ہمیں اپنے زخموں کو مندمل کرنے کے قابل ہونے کی ضرورت ہے۔