پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر تشدد کرنے والے انتہا پسند یہودی آباد کاروں پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی کنارے میں نہتے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے فرانس کا کہنا ہے کہ اسرائیل بار بار کی تنبیہ کے باوجود تشدد رکوانے میں ناکام رہا ہے لہٰذا مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر تشدد کے ذمہ دار انتہا پسند یہودی آباد کاروں پر پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔
فرانسیسی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا نے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون کے ہمراہ اسرائیل اور مقبوضہ مغربی کنارے کے دورے کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہا پسند اسرائیلی آباد کاروں کیخلاف اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں پابندیاں عائد کرنا بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور برطانیہ بھی مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر حملے اور تشدد کے واقعات میں اسرائیل پر یہودی آباد کاروں کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا تھا۔