غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج کی جانب سے جبالیہ میں پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملے میں مزید 13 فلسطینی شہید ہوگئے، 24 گھنٹوں کے دوران شہادتوں کی تعداد 29 ہوگئی۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق قابض صیہونی افواج نے آج جبالیہ میں پناہ گزین کیمپوں اور رفاہ میں رہائشی عمارتوں پر بھی بمباری کی جس میں 29 افراد شہید ہو گئے۔
غزہ کے ہسپتال مریضوں سے بھر گئے، شہید ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 19 ہزار 667 ہو گئی، اسرائیلی فوج کے حملوں میں 52 ہزار 586 افراد زخمی ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ال عدویٰ اسپتال سے 80 میڈیکل سٹاف سمیت 240 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، صیہونی حملوں میں اب تک بڑی تعداد میں لوگ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔