غزہ : (ویب ڈیسک ) اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ میں اب تک دریافت ہونے والی سرنگوں کے سب سے بڑے نیٹ ورک کا پتہ لگالیا ہے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ سرنگوں کا یہ نیٹ ورک شمالی غزہ کے نیچے ہے، اس علاقے میں اسرائیلی فوج کو کارروائی کرتے ہوئے 2 ماہ سے زیادہ ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کو ان سرنگوں کی تعمیر کے وقت بنائی گئی ویڈیوز بھی ملی ہیں، سرنگوں کے لیے کھدائی گھریلوں ساختہ اوزاروں سے کی گئی ہے، سرنگیں 50 میٹر تک گہری ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ سرنگ کنکریٹ اور لوہے کے گارڈروں سے بنی ہوئی ہے اور یہ سرنگ غزہ سے بارڈر تک جانے کے لیے بنائی گئی تھی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان میں سے کوئی سرنگ اسرائیلی علاقے کے اندر تک نہیں ہے، قریب ترین سرنگ بھی سرحد سے 4 سو میٹر دور ہے۔
اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا کہ بعض سرنگیں اس قدر چوڑی ہیں کہ ان کے اندر گاڑیوں کی نقل و حرکت ہو سکتی ہے۔
تاہم فوجی ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ 7 اکتوبر کے حملوں میں یہ سرنگ کام میں لائی گئی تھی یا نہیں لیکن البتہ ترجمان کاکہنا ہے کہ یہ سرنگ لاکھوں ڈالر کی رقم سے مکمل ہوئی ہوگی۔