دوحہ: (دنیا نیوز) قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ نے اپنے صحافی کے قتل پر اسرائیل کیخلاف عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الجزیرہ کی انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپنے صحافی کے قتل پر عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کریں گے اور کیمرا مین ثمر ابوداقہ کے قتل کا معاملہ ہیگ کی عدالت بھجوانے کیلئے قانونی ٹیم کو ہدایت کر دی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خان یونس میں اسرائیل کے فضائی حملے میں الجزیرہ کا کیمرا مین ثمر ابوداقہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہو گیا تھا، ثمر ابوداقہ کیساتھ الجزیرہ غزہ کے بیورو چیف وائل دحدود بھی زخمی ہوئے، ان کا پورا خاندان اکتوبر میں ہونے والے حملے میں شہید ہو گیا تھا۔
غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 19 ہزار 76 سے تجاوز کر چکی جبکہ 50 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو گئے، شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین کی ہے۔