نیویارک: (ویب ڈیسک) عالمی ادارے ریڈ کراس کی جانب سے غزہ تنازع کو بین الاقوامی برادری کی اخلاقی ناکامی قرار دے دیا گیا۔
ریڈکراس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ انتہا کی حد تک درپیش مصائب کو روکنے میں ناکامی کا اثر صرف غزہ پر نہیں دیگر نسلوں پر بھی پڑے گا، غزہ کی 90 فیصد سے زیادہ آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔
عالمی ادارے کے مطابق غزہ کا 60 فیصد سے زیادہ انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا ہے، غزہ کے لوگوں کی جبری بے دخلی سب کی آنکھوں کے سامنے ہو رہی ہے، غزہ کی تباہی اتنی حیران کن ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
دوسری جانب فرانس کا کہنا ہے کہ اسرائیل بار بار کی تنبیہ کے باوجود تشدد رکوانے میں ناکام رہا ہے لہٰذا مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر تشدد کے ذمہ دار انتہا پسند یہودی آباد کاروں پر پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔
اس سے قبل امریکا اور برطانیہ بھی مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر حملے اور تشدد کے واقعات میں اسرائیل پر یہودی آباد کاروں کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا تھا۔