نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر دھماکا ہوا ہے، سفارتخانے کے ترجمان نے زور دار دھماکے کی تصدیق کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس کو چانکیہ پوری علاقے میں واقع اسرائیلی سفارت خانے کے پیچھے مبینہ دھماکے کے بارے میں اطلاع دی گئی تھی، دھماکے کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔
— Eli Kowaz (@elikowaz) December 26, 2023
بتایا گیا ہے کہ مبینہ دھماکے کی اطلاع ایک نامعلوم شخص کی جانب سے دہلی فائر سروس کو شام تقریباً 6 بجے کال پر دی گئی، فون کرنے والے نے دعویٰ کیا کہ دھماکہ اسرائیلی سفارت خانے کے پیچھے ایک خالی پلاٹ میں ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکا 5 بج کر 20 منٹ پر ہوا، جس کے بعد پولیس نے اسرائیلی سفارت خانے کو گھیرے میں لیا اور سرچ آپریشن شروع کیا جبکہ میڈیا کو بھی اسرائیلی سفارت خانے کے قریب جانے سے روک دیا گیا۔
دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اسرائیلی سفارتخانے کے ترجمان نے زور دار دھماکے کی تصدیق کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت پاکستان سے بات چیت کیلئے تیار نہیں، سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر
واضح رہے کہ اس سے قبل انڈیا ٹو ڈے نے کہا تھا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ کے ساتھ پولیس کی سپیشل سیل کی ٹیم معائنے کے لئے موقع پر پہنچی اور علاقے کی تلاشی لی لیکن اس مقام پر کچھ بھی مشکوک نہیں پایا گیا۔
بھارتی حکام کے مطابق فون کرنے والے شخص کی شناخت کے ساتھ اس کے محرکات کی بھی تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جائے وقوعہ سے اسرائیلی سفیر کے نام ایک خط بھی ملا ہے، خط ٹائپ شدہ ہے اور "دھمکی" آمیز ہے، تاہم تفتیش کاروں کو ابھی تک دھماکے کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔