لاہور: (دنیانیوز) 26 دسمبر4 200 بحرہند میں9.1کی شدت کےزلزلےنےدنیاکوہلاکررکھ دیا، اس زلزلے کے باعث آنے والے طوفان سے 2 لاکھ 28 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے۔
دنیا میں ریکارڈ کیے گئے سب سے بڑے زلزلوں میں سے ایک19 سال پہلے انڈونیشیا کے ساحل کے قریب آیا ، جس کی وجہ سے آنے والی سونامی بحر ہند کے ساحلی علاقوں میں رہنے والی پوری کی پوری آبادیوں کو بہا لے گئی تھی۔
سونامی کے باعث مشرق بعید کا ملک انڈونیشیا سب سے زیادہ متاثر ہوا، انڈونیشیا کے صوبے آچے میں سونامی اور زلزلے کے باعث 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد سمندر کی بے رحم لہروں اور خوفناک طوفان کا نشانہ بن کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
بحر ہند میں آنے والے خوفناک زلزلے اور طوفان کے باعث تھائی لینڈ میں 5500 افراد ہلاک ہوئے،جن میں ہزاروں تھائی باشندوں کے علاوہ بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاح بھی تھے۔
سری لنکا میں سونامی کے نتیجے میں اٹھنے والی لہریں ایک ٹرین کو بھی بہا لے گئی تھیں، جس میں 1700 سے زیادہ افراد مارے گئے تھے اور یہ دنیا کا سب سے مہلک ٹرین حادثہ تھا۔
بحر ہند میں آنے والے اس ہولناک طوفان نے انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور سری لنکا کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش، برما ، مالدیپ کینیا، صومالیہ اور تنزانیہ میں بھی تباہی مچائی، جس میں ہزاروں افراد موت کی آغوش میں چلے گئے ۔