غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، صیہونی فورسز کے حملوں میں مزید 180 سے زائد افراد شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صیہونی فورسز نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مار کر 6 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، خان یونس اور دیر البلاح کے اطراف میں بھی حملے جاری ہیں، حملوں میں غزہ کی 70 فیصد رہائشی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی 319 افراد کو شہید کر دیا جبکہ 3800 سے زائد زخمی ہوئے۔
صیہونی فورسز کا فلسطینیوں کو جنوبی غزہ خالی کرنے کا حکم
دوسری جانب اسرائیل کی وسطی اور جنوبی غزہ میں شدید بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فورسز نے فلسطینیوں کو جنوبی غزہ خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے رفاہ منتقل ہونے کی ہدایت کر دی، رفاہ بارڈر دنیا میں بے گھر افراد کی پر ہجوم جگہ بن گیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں صرف 9 ہسپتال آپریشنل ہیں، باقی 17 ہسپتالوں میں سہولیات ناکافی یا حملوں سے کھنڈر بن گئے، فوری ابتدائی طبی امداد نہ ہونے سے زیادہ زخمی شہید ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری سے اب تک 21800 سے زائد فلسطینی شہید اور 56 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ بمباری سے بے گھر ہونے والوں کی تعداد تقریباً 23 لاکھ ہو چکی ہے۔