افغانستان میں روسی مسافرطیارہ گرکر تباہ

Published On 21 January,2024 12:27 pm

کابل : (ویب ڈیسک ) افغانستان کے صوبے بدخشاں کے شمال مشرقی حصے میں روسی مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔

افغان پولیس کے مطابق طیارہ افغان ضلع زیبک کے توپ خانہ پہاڑوں پر گر کر تباہ ہوا ہے، مذکورہ  مسافر طیارہ کل رات ریڈار سے غائب ہو گیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق روسی ایوی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ فرانسیسی ساختہ جیٹ طیارہ روس میں رجسٹرڈ تھا اور ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق اس میں عملے کے 4 ارکان اور 2 مسافروں سمیت 6 افراد سوار تھے۔

 بھارت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ لاپتا ہونے والا طیارہ شیڈول کمرشل فلائیٹ یا بھارتی چارٹرڈ طیارہ نہیں تھا جب کہ اس بارے میں ’مزید تفصیلات موصول ہونے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

  اس سے قبل افغانستان میں گر کر تباہ ہونے والے مسافر بردار طیارے سے متعلق بھارتی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ان کی ایئرلائن کا طیارہ ہے۔

صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت کے ایک عہدیدار ذبیح اللہ امیری نے بتایا کہ کران و منجان ضلع کے علاقے توپخانہ میں ٹیم کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا گیا ہے،  حادثے کی وجہ اور ہلاکتوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔