جکارتہ : (ویب ڈیسک ) انڈونیشیا کے دو پائلٹس پرواز کے دوران 28 منٹ تک سوتے رہے، معاملہ سامنے آنے پر حکام نے پائلٹس کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 25 جنوری کو اس وقت پیش آیا جب انڈونیشیا کی مقامی ایئرلائن ’باٹک ایئر‘ کا طیارہ سولاویسی سے جکارتہ جارہا تھا۔
پرواز کے دوران تقریباً پائلٹس 28 منٹ کے لیے سو گئے لیکن طیارہ بحفاظت لینڈنگ میں کامیاب ہوگیا اور خوش قسمتی سے تمام 153 مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے۔
32 سالہ پائلٹ نے اپنے 28 سالہ ساتھی پائلٹ کو ٹیک آف کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کچھ دیر کے لیے آرام کرنا چاہتا ہے۔
بعدازاں کچھ دیر بعد ساتھی پائلٹ بھی سوگیا، جکارتہ ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کے کاک پٹ سے ان کی آخری ریکارڈ شدہ ٹرانسمیشن کے بعد رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔
ریڈیو پر 28 منٹ تک خاموشی چھائی رہی، جب پائلٹ نیند سے بیدار ہوا تو انہوں نے دیکھا کہ اس کے ساتھ ساتھی پائلٹ بھی سوتا رہا، دونوں پائلٹ کے سونے کے دوران طیارہ اپنے روٹ سے ہٹ گیا تھا۔
اس کے بعد دونوں پائلٹس نے جکارتہ سے آنے والی کالز کا جواب دیا اور طیارے کو بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
اس واقعے پر حکام کی جانب سے سخت برہمی کا اظہار کیا گیا ، انڈونیشیا کے ایئرٹرانسپورٹ کے سربراہ،ایم کرسٹی اینڈہ نے اس بات پر زور دیا کہ باٹک ایئر کو اپنے عملے کے آرام کے وقت پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔
یادرہے کہ 2019 میں اسی ایئر لائن کا ایک پائلٹ بے ہوش ہوگیا تھا جس کے بعد طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔