انڈونیشیا کا طیارہ اڑھائی مہینے سے کراچی میں مرمت کا منتظر

Published On 14 October,2023 11:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انڈونیشیا کا طیارہ اڑھائی مہینے سے کراچی میں مرمت کا منتظر ہے، پی آئی اے انجینئرنگ ہینگر میں موجود طیارے کو اڑان کے لئے تاحال بیرون ملک سے انجن کی آمد کا انتظار ہے۔

گرودا انڈونیشیا انٹرنیشنل ایئر لائن کا اے ٹی آر 600-72 طیارہ 26 جولائی کو کراچی پہنچا تھا، رجسٹریشن نمبر پی کے جی اے ڈی کا حامل طیارہ ری فیولنگ کے لئے کراچی اترا تھا۔

متحدہ عرب امارات جانے کے لئے ٹیک آف سے قبل طیارے کے انجن میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی، طیارے نے 19 اگست کو صبح 10 بج کر 25 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ سے ٹیسٹ فلائٹ کی تھی، 21 منٹ کی ٹیسٹ پرواز کے بعد انجن میں خرابی کے باعث طیارہ واپس کراچی اتر گیا تھا۔

9 سال پرانے طیارے کو کراچی چھوڑ کرعملے کے ارکان انڈونیشیا روانہ ہو گئے تھے، 50 دن تک کراچی ایئرپورٹ رن وے پر موجود طیارے کو متعلقہ ایئرلائن کی درخواست پر پی آئی اے ہینگر منتقل کیا گیا۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق طیارے کا بایاں انجن ناقابل مرمت ہے، متعلقہ کمپنی سے متبادل انجن کی آمد اور تنصیب پر ہی طیارہ ممکنہ اڑان کے قابل ہو گا، طیارے کی پی آئی اے ہینگر میں موجودگی سے متعلقہ چارجز بھی وصول کئے جائیں گے۔