نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے کہا کہ اسرائیل غزہ کو تباہ کرنے کیلئے 2 جوہری بموں کے برابر 25 ہزار ٹن بارود استعمال کرچکا ہے۔
یہ انکشاف اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی برائے فلسطین فرانسسکا البانیز کی غزہ جنگ پر رپورٹ میں کیا گيا ہے، رپورٹ میں کہا گيا ہے کہ اسرائیل 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں 30 ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کو قتل کر چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں خوراک کی کمی اور غذائی قلت سے یومیہ 10 بچے جاں بحق ہو رہے ہیں جبکہ 12 ہزار فلسطینی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے لاپتا ہیں جنہیں مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسرائیل یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے کہ غزہ میں مارے جانے والے مرد حماس جنگجو تھے، اسرائیل کے غزہ کی امداد روکنے نے بھوک و افلاس سے اموات میں اضافہ کیا ہے، غزہ میں خوراک کی کمی اور غذائی قلت سے یومیہ 10 بچے جاں بحق ہورہے ہیں۔