38 سال سے اسرائیل کی قید میں موجود فلسطینی شہری چل بسا

Published On 08 April,2024 05:56 am

تل ابیب: (دنیا نیوز) 38 سال سے اسرائیل کی قید میں موجود 62 سالہ فلسطینی شہری کینسر میں مبتلا رہنے کے بعد چل بسا۔

عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیلی قید میں انتقال کرنے والا فلسطینی شہری ولید دقہ ہڈیوں کے کینسر میں مبتلا تھا اور 2022ء میں ان میں کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی تھی، ولید دقہ کو اسرائیلی فوج نے 1986ء میں حراست میں لیا، ان پر اسرائیلی فوجی کے اغواء اور قتل کا الزام تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی فورسز کی غزہ میں یلغار کو 6 ماہ مکمل ہو گئے ہیں، اقوام متحدہ کے ادارے کے مطابق جنگ کے 175 ویں دن تک کم از کم 32 ہزار 623 افراد شہید اور 75 ہزار 92 سے زیادہ زخمی ہو چکے جبکہ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33 ہزار137 فلسطینی شہید اور 75 ہزار 815 زخمی ہو چکے ہیں۔

صحافیوں کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک 99 فلسطینی صحافی اور میڈیا سے وابستہ افراد، 4 اسرائیلی جبکہ 3 لبنانی صحافی مارے گئے ہیں۔

کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کا کہنا ہے کہ 6 ماہ کے دوران غزہ میں جنگ کی کوریج کرنے والے 16 صحافی زخمی ہوئے، 4 لاپتہ ہیں جبکہ 25 صحافیوں کو اسرائیلی حکام کی جانب سے حراست میں لینے کی بھی اطلاعات ہیں۔
 

Advertisement