قاہرہ: (دنیا نیوز) عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کیلئے حماس کا وفد مصر پہنچ گیا ہے، ترجمان حماس نے کہا کہ ہم معاہدے کی تکمیل کیلئے پُرعزم ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل نے دھمکی دی ہے کہ حماس کے پاس جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے پر رضامندی کیلئے ایک ہفتے کا وقت ہے، دوسری صورت میں رفاہ پر زمینی فوجی حملے سے گریز نہیں کریں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق رفاہ میں اس وقت 15 لاکھ بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں، صیہونی افواج کے رفاہ پر فضائی حملے بھی جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ جنگ بندی : امریکا نے حماس سے متعلق قطرکو تنبیہ کردی
اسرائیلی جنگی طیاروں کی گھر پر بمباری سے خاتون اپنے 6 بچوں سمیت شہید ہو گئی، 24 گھنٹوں کے دوران مختلف واقعات میں 26 فلسطینی شہید ہو ئے، شہداء کی مجموعی تعداد 34 ہزار 654 ہوگئی، 77 ہزار 908 فلسطینی زخمی ہیں۔
اقوام متحدہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق شمالی غزہ کو اب مکمل قحط کا سامنا ہے، اسرائیل غزہ جانے والی امداد روک رہا ہے، ہزاروں فلسطینی بھوک سے مر رہے ہیں۔