بھارت: عام انتخابات چوتھے مرحلے میں داخل، 96 نشستوں پر ووٹنگ

Published On 13 May,2024 12:29 pm

نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے کا آغاز آج سے ہو گیا ہے جس میں 96 نشستوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آندھرا پردیش، تلنگانہ، جھاڑکھنڈ، اڑیسا، یوپی، مدھیہ پردیش، بہار، مہاراشٹر، مغربی بنگال میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔

قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق الیکشن میں اقتدار کے لیے دو اہم جماعتیں، وزیر اعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) اور انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) ہیں، جو 26 جماعتوں کا اتحاد ہے، جس کی قیادت مرکزی اپوزیشن پارٹی راہول گاندھی کی انڈین نیشنل کانگریس کررہی ہے۔

گزشتہ ہفتے ووٹنگ کے تیسرے مرحلے میں مودی نے گجرات کے گاندھی نگر حلقے میں اپنا ووٹ ڈالا، اس مرحلے میں دو اہم امیدواروں کے درمیان کڑا مقابلہ ہوا۔

چوتھے مرحلے کے اہم امیدواروں میں بالی وڈ اداکار شتروگھن سنہا مغربی بنگال کے حلقے سے دوبارہ جبکہ اداکارہ مادھوی لتھا بی جے پی کی طرف سے تلنگانہ میں حیدرآباد سیٹ کیلئے انتخاب لڑ رہی ہیں۔

اسی طرح اسد الدین اویسی، سابق کرکٹر یوسف پٹھان، اکھلیش یادو بھی انتخابی میدان میں اترے ہیں۔

لوک سبھا انتخابات کے پہلے تین مرحلوں میں 284 ممبران پارلیمنٹ کی قسمت کا فیصلہ ہو چکا ہے جہاں اب تک تامل ناڈو، کیرالہ، میگھالیہ، آسام، منی پور، کرناٹک، میزورم، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، اتراکھنڈ، چھتیس گڑھ، گوا، گجرات، راجستھان، سکم، تریپورہ سمیت دیگر حلقوں میں ووٹنگ ختم ہو چکی ہے۔

پانچواں مرحلہ 20 مئی اور چھٹا مرحلہ 25 مئی کو شروع ہوگا، جبکہ آخری اور ساتواں مرحلہ یکم جون کو شروع ہوگا جبکہ نتائج کا اعلان 4 جون کو ہو گا۔