صیہونی افواج کی مظلوم فلسطینیوں پر شدید بمباری، 24 گھنٹے میں مزید 83 شہید

Published On 18 May,2024 10:02 pm

غزہ: (دنیا نیوز) قابض صیہونی افواج کی شمالی اور جنوبی غزہ میں شدید بمباری کے باعث مزید 83 فلسطینی شہید جبکہ 105 زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے رہائشی عمارتوں، پناہ گزین کیمپوں اور اقوام متحدہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، نصیرات پناہ گزین کیمپ میں اقوام متحدہ کے شیلٹر ہوم پر بمباری سے 4 فلسطینی شہید ہوئے۔

قابض صیہونی افواج نے رفاہ میں حملے کر کے درجنوں فلسطینی شہید کر دئیے، رفاہ سے نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 6 لاکھ 50 ہزار ہو گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 35 ہزار 386 ہوگئی، 79 ہزار 366 زخمی ہیں۔

صیہونی فورسز نے جنوبی لبنان میں بھی فضائی حملہ کیا جس کے باعث 2 افراد شہید ہو گئے۔