نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہیٹ سٹروک سے اس سال کی پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں سورج آگ برسارہا ہے جہاں درجہ حرارت 53 ڈگری تک جا پہنچاہے ۔
نئی دہلی میں شدید ہیٹ ویو کے نتیجے میں پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جہاں ریاست بہار سے تعلق رکھنے والا شخص ہیٹ ویو کے باعث دہلی کے رام منوہر لوہیا ہسپتال میں انتقال کرگیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ دارالحکومت نئی دہلی کے شہریوں کیلئے بڑھتا درجہ حرارت ڈراؤنا خواب بن گیا ہے اور آج تک بھارت کے کسی دوسرے شہر میں درجہ حرارت 53 ڈگری تک نہیں گیا۔
نئی دہلی میں صحت کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے، حکام کے مطابق گرمی کی شدت سے تمام عمر کے افراد کو ہیٹ سٹروک کا خطرہ ہو سکتا ہے۔
دہلی، جو پہلے ہی گرمی کی لپیٹ میں ہے اور جہاں بجلی کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، حکام نے پانی کی قلت کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں یکم مارچ سے شدید گرمی کے باعث اموات 60 سے زائد ہوگئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں آج سے شدید گرمی میں کمی کا امکان ہے اور 4 جون تک بارش، گرج چمک کے ساتھ طوفان اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، بھارتی ریاست کیرالہ میں وقت سے پہلے مون سون بارشوں کا بھی آغاز ہو گیا۔