مکہ مکرمہ: (دنیا نیوز/ویب ڈیسک) سعودی عرب میں آج نماز فجر کے بعد سالانہ غسلِ کعبہ کی روح پرور تقریب ہوئی۔
عرب میڈیا کے مطابق ہر سال کی طرح اس برس بھی 15 محرم الحرام کو خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو غسل دیا گیا، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر مکہ مکرمہ نے غسل کا آغاز کیا۔
اس بابرکت عمل کیلئے خانہ کعبہ کے کلید بردار عبدالوہاب بن زین العابدین الشیبی نے نماز فجر کے بعد بیت اللہ کا دروازہ کھولا اور پھر حکام اندر داخل ہوئے، خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں، فرش اور دروازے کو آب زم زم اور عرق گلاب سے دھویا گیا، غسل کے بعد اسے عود، عرق گلاب اور بخوز سمیت دیگر خوشبوؤں سے معطر کیا گیا۔
خانہ کعبہ کو غسل دینے کی سعادت ڈپٹی گورنر مکہ، حرمین شریفین انتظامی امور کے صدر اور اراکین سمیت اعلیٰ سعودی حکام نے حاصل کی۔
غسل کعبہ کے موقع پر بیت اللہ شریف کے گرد سکیورٹی فورسز نے حفاطتی حصار قائم رکھا۔
خیال رہے کہ ہر سال سنت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کرتے ہوئے خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں، فرش، چھت اور دروازے کو غسل دیا جاتا ہے اور عام طور پر یہ 15 محرم الحرام کو انجام دیا جاتا ہے۔
اسی طرح غلاف کعبہ بھی اب گزشتہ چند برسوں سے یکم محرم الحرام کو اسلامی سال کے آغاز پر تبدیل کیا جاتا ہے۔