واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے بنگلہ دیش میں جاری مظاہروں کے باعث ٹریول ایڈوائزری کو لیول فور تک بڑھا تے ہوئے اپنے شہریوں کو اس ملک کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے بنگلہ دیش میں غیر ضروری امریکی سفارتی ملازمین اور ان کے خاندان کے افراد کی رضاکارانہ روانگی کی اجازت دی ہے جب کہ ایک دن قبل محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں سے بنگلہ دیش کے سفر پر نظر ثانی کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ڈھاکہ میں جاری بدامنی کی وجہ سے امریکی شہریوں کو بنگلہ دیش کا سفر نہیں کرنا چاہئے، ڈھاکہ شہر اس کے قریبی علاقوں اور پورے بنگلہ دیش میں مظاہروں اور پرتشدد جھڑپوں کی اطلاعات مل رہی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سکیورٹی کی صورتحال کی وجہ سے معمول کی قونصلر سروسز کی فراہمی میں تاخیر ہو سکتی ہے، محکمہ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے بنگلہ دیش میں امریکی سفارت خانے کے عہدیداروں پر نقل و حرکت اور سفری پابندیاں لاگو کی گئی ہیں جو بنگلہ دیش میں امریکی شہریوں کو ہنگامی سروسز کو محدود کر سکتی ہیں۔
امریکا اور کینیڈا نے بنگلہ دیشی حکومت سے پرامن احتجاج کے حق کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا ہے اور ملک میں حالیہ دنوں میں ہونے والے تشدد پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔