دبئی :(ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات نے اپنی سرزمین پر بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ کے خلاف احتجاج کرنے والے بنگلادیشی تارکین وطن کو گرفتار کرلیا۔
بنگلا دیش میں سرکاری ملازمتوں کےکوٹہ سسٹم کے خلاف طلبہ کے احتجاج میں شدت آگئی، احتجاج پر قابو پانے کیلئے ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور امن و امان کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دیکھتے ہی گولی مارنےکا حکم دے دیا گیا ہے، حکومت مخالف احتجاج میں 133 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔
فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اپنی سرزمین پر بنگلادیشی حکومت کے خلاف احتجاج کرنے پر بنگلادیشی تارکین وطن کو گرفتار کرلیا۔
اماراتی پراسیکیوٹر نے بیان میں واضح نہیں کیا کہ احتجاج کرنے والے کتنے بنگلادیشی تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا یا انہوں نے کہاں احتجاج کیا؟ تاہم اماراتی پراسیکیوٹر نے بتایا کہ گرفتار افراد نے عوامی مقام پر جمع ہونے اور بد امنی پھیلانے کے جرم کا ارتکاب کیا اور ان افراد کو اماراتی مفاد اور سکیورٹی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
واضح رہے متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور بھارت کے بعد بنگلادیشی تارکین وطن کی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ یو اے ای نے احتجاج مظاہروں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔