واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے آئندہ صدارتی الیکشن میں بطور امیدوار نامزدگی کی حمایت کرنے پر کملا ہیرس نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرانے کے ساتھ ساتھ پارٹی اور قوم کو متحد کرنے کی کوشش کروں گی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس نے کہا ہے کہ صدر جوبائیڈن کی طرف سے صدارتی امیدوار کے طور پر توثیق فخر کی بات ہے، میرا مقصد آئندہ صدارتی الیکشن کیلئے ڈیموکریٹس کی نامزدگی حاصل کرنا اور جیتنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر جو بائیڈن صدارتی انتخابات کی دوڑ سے دستبردار
کملا ہیرس نے مزید کہا ہے کہ صدر بائیڈن نے ملک اور عوام کو ہر چیز سے بالاتر رکھا، جوبائیڈن کی غیر معمولی قیادت اور ملک کیلئے خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں، ٹرمپ کو ہرانے کے ساتھ ساتھ پارٹی اور قوم کو متحد کرنے کی کوشش کروں گی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے ملک میں ہونے والے آئندہ صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے، امریکی شہریوں کے نام اپنے پیغام میں جوبائیڈن نے کہا کہ آپ کا صدر بننا میرے لئے بڑے فخر کی بات ہے، میری خواہش تھی کہ دوبارہ صدارتی انتخابات لڑوں۔
یہ بھی پڑھیں: جوبائیڈن دوبارہ صدر بننے کے قابل نہیں، کملا ہیرس کو شکست دینا آسان ہو گا: ٹرمپ
امریکی صدر نے مزید کہا کہ پارٹی اور ملک کے بہترین مفاد میں دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے، قوم سے اس ہفتے خطاب کروں گا، باقی مدت کیلئے بطور صدر ذمہ داریاں نبھاتا رہوں گا، ہم نے ملکر کورونا اور معاشی صورتحال کا مقابلہ کیا، گزشتہ ساڑھے تین سال ہم نے بطور قوم بے پناہ ترقی کی ہے، آج امریکا دنیا کی سب سے مضبوط معیشت ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن کی دستبرداری کے بعد کملا ہیرس کے صدارتی امیدوار بننے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں، امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی کملا ہیرس کے بطور صدارتی امیدوار فیصلے کی توثیق کر دی ہے، کملا ہیرس ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں ایک کمزور حریف ثابت ہوں گی۔