واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے ہاؤس سپیکر نے صدارتی الیکشن سے دستبرداری ہونے کے اعلان کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن سے عہدہ چھوڑنے کا بھی مطالبہ کر دیا جبکہ سابق صدر نے جوبائیڈن کے فیصلے کی تعریف کی ہے۔
ہاؤس سپیکر مائیک جانسن نے امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب صدارتی الیکشن سے دستبرداری کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوبائیڈن صدارتی انتخابات لڑنے کے قابل نہیں تو وہ بطور صدر کام کرنے کے بھی قابل نہیں ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہاؤس سپیکر مائیک جانسن نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کو فوری طور پر عہدہ صدارت سے بھی استعفیٰ دینا چاہیے، 5 نومبر کی تاریخ اتنی جلدی نہیں آئے گی۔
دوسری جانب سابق امریکی صدر بارک اوباما نے صدر جوبائیڈن کے صدارتی دوڑ سے دستبردار ہونے کے فیصلے کی تعریف کی اور خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال آگے مزید خراب ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے ملک میں ہونے والے آئندہ صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے، امریکی شہریوں کے نام اپنے پیغام میں جوبائیڈن نے کہا کہ آپ کا صدر بننا میرے لئے بڑے فخر کی بات ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ میری خواہش تھی کہ دوبارہ صدارتی انتخابات لڑوں، پارٹی اور ملک کے بہترین مفاد میں دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے، باقی مدت کیلئے بطور صدر ذمہ داریاں نبھاتا رہوں گا، قوم سے اس ہفتے خطاب کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم نے ملکر کورونا اور معاشی صورتحال کا مقابلہ کیا، گزشتہ ساڑھے تین سال کے دوران ہم نے بطور قوم بے پناہ ترقی کی ہے، آج امریکا دنیا کی سب سے مضبوط معیشت بن گیا ہے۔