اسرائیل لبنان سرحد پرکشیدگی میں اضافہ، سفارتی حل تلاش کر رہے ہیں : امریکا

Published On 29 July,2024 12:32 pm

واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکا نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں میں راکٹ حملے میں شہریوں کی اموات کے بعد اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر کشیدگی میں اضافے کے مسئلہ کے سفارتی حل پر کام کر رہا ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان ایڈرین واٹسن نے اپنے بیان میں اس حملے کے لئے حزب اللہ کو مورد الزام ٹھہرایا ہے جبکہ حزب اللہ نے الزام کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

امریکی ترجمان نے کہا کہ وائٹ ہاؤس مجدل شمس پر راکٹ حملے کے بعد اسرائیلی اور لبنانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے کیونکہ اس واقعہ کے نتیجے  میں جنگ کا دائرہ کار پھیل جانے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تمام فریقین پر زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے ۔