بیروت : (ویب ڈیسک ) مقبوضہ گولان میں اسرائیلی تنصیبات پر حملے کے بعد اسرائیل نے لبنان کے جنوبی علاقے کے قریب ڈرون حملہ کردیا، حملے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنانی سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں 2 جاں بحق اور ایک بچے سمیت 3 افراد کے زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنانی ریسکیو کی جانب سے اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والے لبنانی مزاحمت کار تھے یا پھر عام شہری تھے۔
حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے پیش نظرسعودی عرب کی جانب سے اپنے شہریوں کو لبنان فوری طور پر چھوڑنے کا حکم بھی جاری کردیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں امریکا سمیت متعدد نیٹو ممالک پہلے ہی اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کرچکے ہیں ۔
دوسری جانب اسرائیلی ملٹری نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی ائیر ڈیفنس نے لبنان سے اسرائیل کے علاقے مغربی گلیلی میں داخل ہونے والا ایک ڈرون مار گرایا ہے۔
ادھر مقبوضہ گولان پر حملے کا الزام حزب اللہ پر عائد کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا اسرائیل کی سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
اس حوالے سے امریکا کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر اسرائیل حملے کے جواب میں کارروائی کر سکتا ہے لیکن صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے اسرائیل اور لبنانی حکام سے رابطے میں ہیں، امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن اور امریکی آرمی چیف نے اپنے اسرائیلی ہم منصب سے بھی بات کی ہے۔