ڈھاکہ :(ویب ڈیسک ) بنگلہ دیش میں طلبہ نے سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا عندیہ دے دیا۔
بنگلہ دیشی طلبہ نے ملک بھر میں سول نافرمانی کی تحریک چلانے کے لیے احتجاجی ریلیاں نکالیں، احتجاج کے دوران وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کو مظاہرین پر کیے گئے پولیس کریک ڈاؤن کے خلاف سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ سول سروس کے ملازمین کے کوٹے کے خلاف ریلیوں نے جان لیوا فسادات کو جنم دیا تھا، ان فسادات کی وجہ سے حسینہ واجد کے 15 سالہ دور کی بدترین بےامنی پیدا ہوئی جس میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
خیال رہے بنگلہ دیش میں فوج کی تعیناتی نے مختصر طور پر امن بحال کیا لیکن رواں ہفتے جمعہ کی نماز کے بعد مسلمان اکثریتی ملک میں بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، جس کے بعد طلبہ کی طرف سے حکومت پر مزید مراعات دینے کے لیے دباؤ بڑھ گیا۔
دوسری جانب ابتدائی مظاہرے شروع کرنے والے ’امتیازی سلوک کے خلاف طلبہ‘ گروپ نے ہم وطنوں پر زور دیا کہ وہ اتوار سے مکمل عدم تعاون کی تحریک شروع کردیں۔