ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض میں یورپی یونین کونسل کے سربراہ چارل مچل سے ملاقات کی۔
عرب میڈیا کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور یورپی یونین کے ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون کے شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔
علاوہ ازیں علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال اور خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا، ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور یورپی یونین کے لیے سعودی عرب کی خاتون سفیر ہیفاء الجدیع بھی موجود تھیں۔
اسی طرح سعودی عرب میں یورپی یونین کے مندوب کرسٹوف ورنود اور خلیج میں یورپی یونین کے خصوصی نمائندے لوئیجی ڈی مایو کے علاوہ یورپی کونسل کے کئی سینئر عہدے داران بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔