واشنگٹن: (دنیا نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہیں یہ محسوس ہوتا ہے کہ امریکا ٹوٹا ہوا ہے اور اس کا حوصلہ پست ہے۔
امریکی چینل پر ایک نئے انٹرویو میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ خدا نے انہیں موت سے اس لئے بچایا تا کہ وہ ملک کے حالات ٹھیک کر سکیں۔
انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ہمارا ملک انتہائی بیمار ہے اور اس کے حوصلے نہایت پست ہیں، شاید یہی میرے محفوظ رہ جانے کی وجہ ہو، میں نہیں جانتا مگر بہت سے لوگوں نے ایسا کہا ہے۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آپ کا خدا پر ایمان بڑھ جاتا ہے کیونکہ جب میں ماہرین سے بات کرتا ہوں تو وہ کہتے ہیں کہ اتنی کم مسافت سے نشانہ خطا ہوجانا بہت مشکل ہے، میرے خیال میں وہ حملہ آور جلدی میں تھا کیونکہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں لوگوں نے یہ کہنا شروع کر دیا تھا کہ چھت پر ایک مسلح شخص موجود ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو 13 جولائی کو پنسلوینیا میں ایک انتخابی اجتماع کے دوران میں ایک مسلح شخص نے گولی کا نشانہ بنایا تھا، اس قاتلانہ حملے میں ٹرمپ کا کان زخمی ہوا تھا جبکہ مجمع میں شریک ایک شہری ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔