استنبول: (دنیا نیوز) حماس کے سینئر اہلکار اسامہ حمدان نے کہا کہ نقصانات کے باوجود حماس کے پاس غزہ جنگ جاری رکھنے اور اسرائیل کو منہ توڑ جواب دینے کی اعلیٰ ترین صلاحیتیں موجود ہیں۔
حماس کے سینئر اہلکار نے خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ غزہ میں 11 ماہ سے زائد کی جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کے باوجود فلسطینی تحریک کے پاس اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے لئے کافی وسائل ہیں۔
اسامہ حمدان نے کہا لوگ شہید ہوئے اور قربانیاں بھی دیں لیکن بدلے میں ہمیں تجربات کا ایک خزانہ ملا اور مزاحمتی گروپ میں نئی نسل کے افراد بھرتی ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسرائیل کا اہم ترین فوجی حمایتی امریکہ نیتن یاہو کو جنگ میں نرمی پر مجبور کرنے کے لئے کافی دباؤ نہیں ڈال رہا جس سے خونریزی ختم ہو جائے، امریکی انتظامیہ اسرائیل پر کافی یا مناسب دباؤ نہیں ڈالتی بلکہ یہ اسرائیلی فریق کے کسی بھی وعدے سے بچنے کا جواز پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کی فوجی مہم میں حماس کے ہلاک شدہ مزاحمت کار 17,000 سے کم نہیں تھے۔