تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے لوگوں کو علاقہ چھوڑنے کیلئے کتابچے پھینک دیئے۔
اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے فوج کے حوالے سے بتایا کہ شمال میں ایک بریگیڈ کے ایک بریگیڈیئر جنرل نے بغیر اطلاع لبنان میں کتابچے گرائے، اسرائیلی آرمی ریڈیو نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی طیارے نے جنوبی لبنان میں کتابچے گرائے۔
لبنانی ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی کتابچے میں وزانی کے رہائشیوں کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے سے پہلے اپنے گھر چھوڑنے کا کہا گیا ہے، کتابچے کے متن میں کہا گیا کہ یہ پناہ گزین کیمپوں کے علاقے کے تمام رہائشیوں اور بے گھر ہونے والے لوگوں کے لیے ہے۔
کتابچے میں کہا گیا کہ حزب اللہ آپ کے علاقے سے فائرنگ کر رہی ہے، آپ کو فوری طور پر اپنے گھر چھوڑ کر شام چار بجے تک خیمے کے علاقے کے شمال کی طرف چلے جانا چاہئے اور آپ جنگ کے خاتمے تک اس علاقے میں واپس نہیں آئیں گے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ فوجی طیاروں نے لبنان کے اندر واقع بقاع اور بعلبک میں حزب اللہ کے ہتھیاروں کے ڈپوؤں پر آخری گھنٹوں میں چھاپہ مارا۔
اسرائیلی فوج نے وضاحت کی ہے کہ چھاپے میں جنوبی لبنان کے سات مختلف علاقوں میں ہتھیاروں کے ڈپو اور حزب اللہ کی ایک فوجی عمارت پر بمباری کی گئی، یہ سات علاقے الصرفند، شیحین، کفر کلا، الطیبہ، میس الجبل، عیترون اور الجبین ہیں۔