قومی ترانے کی توہین پر ایران کا بھی احتجاج ، افغانی سفیر طلب

Published On 21 September,2024 10:35 pm

تہران :(دنیا نیوز) پاکستان کے بعد افغان سفارتکار کی ایرانی قومی ترانے کی بھی توہین پر ایرانی حکومت نے احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے افغان سفیر کو طلب کرلیا۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان سفارتکار عزیز الرحمان منصور تقریب کے دوران ایرانی قومی ترانے کے دوران بیٹھے رہے، ایران نے قومی ترانے کی توہین پر شدید احتجاج کیا۔

ایرانی وزرات خارجہ کا کہنا ہے کہ طالبان سفارت کار کا یہ اقدام غیر روایتی اور ناقابل قبول ہے، افغان مندوب کا رویہ سفارتی رواج کے خلاف تھا، دوسرے ممالک کے قومی ترانے کا احترام کرنا بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ رویہ ہے۔

دوسری جانب افغان مندوب نے ایران کے احتجاج پر معافی مانگی، اپنے مؤقف میں ان کا کہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے عوامی سطح پر موسیقی پر پابندی ہے ، اسی وجہ سے ہی وہ ایرانی ترانے کے دوران کھڑے نہیں ہوئے۔