سعودی ولی عہد کا ’’ریاض نان پرافٹ ایبل فاؤنڈیشن‘‘ کی انتظامی باڈی کا اعلان

Published On 27 September,2024 03:12 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض نان پرافٹ ایبل فاؤنڈیشن کے اعلان کے بعد اس کی انتظامی باڈی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کا اعلان کر دیا۔

سعودی میڈیا کی طرف سے شائع کردہ بیان کے مطابق سماجی کام کی ثقافت اور اس کی اقدار کو تقویت دینے کے لیے یہ غیر منافع بخش شعبے میں اختراعات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ریاض شہر کے لیے رائل کمیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کا فیصلہ جاری کیا جس کی سربراہی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور شاہی کمیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ہوں گے۔

ریاض شہر کے لئے رائل کمیشن کے سی ای او انجینئر ابراہیم السلطان کو کونسل کا نائب صدراور سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے، اس کےعلاوہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان میں وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل بن عبدالعزیز، وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان شامل ہیں۔

ریاض کے میئر شہزادہ فیصل بن عبدالعزیز بن عیاف، وزیر خزانہ محمد الجدعان، انسانی وسائل اور سماجی ترقی کے وزیر انجینئر احمد الراجحی، وزیر سیاحت احمد بن عقیل الخطیب، وزیر صحت فہد الجلاجیل، وزیر تعلیم یوسف البنیان اور کابینہ سیکرٹریٹ کے مشیر فہد الرشید کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فاؤنڈیشن کا مقصد علاقائی اور عالمی سطح پر فنانسنگ، ڈیزائننگ اور اختراعی سماجی پروگراموں کو شروع کرنے، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، فنون اور ثقافت کی حمایت، پائیدار ماحول کو فروغ دینے اور زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں تعاون کرنے کے شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہے۔