اسرائیل نے حزب اللہ کیساتھ جنگ بندی کی امریکی تجویز مسترد کر دی

Published On 27 September,2024 03:37 am

تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل نے حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کی امریکی تجویز مسترد کر دی۔

امریکہ کی طرف سے یہ تجویز سامنے آئی تھی کہ فوری طور پر 21 دنوں کے لئے جنگ بندی کی جائے اور جنگ روک کر سفارت کاری کو موقع دیا جائے تاکہ کسی بڑی جنگ کو روکا جا سکے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا ہے کہ اسرائیل کے شمال میں کوئی جنگ بندی نہیں ہو گی، ہم حزب اللہ کے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو اپنی حتمی فتح تک جاری رکھیں گے تاکہ ہمارے شمالی اسرائیل کے نقل مکانی کرنے والے اسرائیلی واپس اپنے گھروں کو آسکیں۔

واضح رہے کہ کاٹز کے ان ریمارکس نے ایک سمجھوتے کی امید کو ختم کر دیا ہے، اس سے پہلے لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے امید ظاہر کی تھی کہ لبنان میں جلد جنگ بندی ہو جائے گی جہاں چند دنوں میں سیکڑوں شہری ہلاک ہو چکے ہیں اور ہزاروں کو نقل مکانی کرنا پڑ چکی ہے۔