ایران کا اسرائیل پر ممکنہ حملہ، امریکی اخبار نے 12 گھنٹے اہم قرار دے دیئے

Published On 01 October,2024 09:25 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران 12 گھنٹے کے اندر اسرائیل پر حملہ آور ہوسکتا ہے۔

نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل میں امریکی سفارتکاروں کو بم شیلٹر کے قریب رہنے کا حکم دے دیا گیا۔

دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق استنبول میں صباح الدین زعیم یونیورسٹی میں اسلام اور عالمی امور کے مرکز کے ڈائریکٹر سامی الاریان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے لبنان پر زمینی حملے نے ایران پر ردعمل دینے کا دباؤ بڑھا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد حزب اللہ کا اسرائیل پر پہلا بڑا حملہ

انہوں نے الجزیرہ کو بتایا، ’یقینی طور پر، اس وقت ایران شدید دباؤ میں ہے کیونکہ اس سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اسرائیل کی طرف سے شروع کی جانے والی اس نسل کش جنگ میں مکمل شریک ہوگا‘، تاہم ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ ایران فوری طور پر براہ راست مداخلت نہیں کرے گا۔

سامی الاریان کا کہنا تھا، ’ایران حزب اللّٰہ کی اس جنگ میں اسرائیل کی جنگی مشین کا مقابلہ کرنے میں بھرپور حمایت کرے گا۔ ایران اس میں شامل ہوگا لیکن اس وقت وہ براہ راست مداخلت نہیں کرنا چاہتا۔‘