بیروت: (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے لبنان کے ان شہریوں کے لئے انسانی بنیادوں پر 33.1 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے جنہیں اسرائیل نے پچھلے دنوں بمباری کر کے بے گھر کیا ہے۔
یورپی کمیشن کی سربراہ ارسلا وانڈی لین نے کہا ہے کہ انہیں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے پر گہری تشویش ہے، تمام فریقوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے بچاؤ کے لئے ہر ممکن تدابیر کریں اور معصوم شہریوں کی جانیں خطرے میں نہ ڈالیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے پچھلے تقریباً دو ہفتوں سے لبنان میں بمباری کا یہ سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ اس ہفتے سے اسرائیل کی بمباری کے ساتھ ساتھ زمینی فوج بھی لبنان میں داخل ہو چکی ہے، اب تک تقریباً ایک ہزار لبنانی اس بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ برطانوی وزیراعظم کے مطابق 12 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔
خیال رہے علاقے میں کشیدگی بڑھنے کے ساتھ ہی امریکہ، برطانیہ، فرنس نے اپنے جنگی اثاثوں کو علاقے میں متحرک کر دیا ہے اور ان میں اضافہ بھی کیا ہے تاکہ اسرائیل کی مدد کر سکیں اور اس کا پوری طرح دفاع کر سکیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی اسرائیلی حق دفاع کی حمایت کی ہے۔