تہران: (دنیا نیوز) ایران نے مقامی وقت کے مطابق کل صبح 6 بجے تک ملک میں تمام پروازیں منسوخ کردیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی سول ایوی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پروازیں آپریشنل معاملات کے باعث منسوخ کی گئی ہیں، ایرانی سول ایوی ایشن نے پروازیں منسوخ ہونےکی مزید وضاحت نہیں کی۔
خیال رہے کہ یکم اکتوبر کو ایران کی جانب سے اسرائیل پر سیکڑوں بیلسٹک میزائل فائر کیے جانے کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے مسلسل جوابی حملے کی دھکمیاں دی جارہی ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کی جانب سے بھی ایران کی تیل کی تنصیبات اور ایٹمی تنصیبات پر ممکنہ حملے کی باتیں کی جارہی ہیں۔
گزشتہ دنوں امریکی صدر نے بھی ایک سوال کے جواب میں کہا تھا ایران کی تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے اسرائیل سے بات چیت کررہے ہیں۔